وَالَّذِينَ اجْتَنَبُوا الطَّاغُوتَ أَن يَعْبُدُوهَا وَأَنَابُوا إِلَى اللَّهِ لَهُمُ الْبُشْرَىٰ ۚ فَبَشِّرْ عِبَادِ
اور وہ لوگ جنھوں نے طا غوت سے اجتناب کیا کہ اس کی عبادت کریں اور اللہ کی طرف رجوع کیا انھی کے لیے خوشخبری ہے، سو میرے بندوں کو بشارت دے دے۔
(12) قیامت کے دن بتوں کے پجاریوں کا انجام بد بیان کرنے کے بعد، اب ان موحدین کا انجام بیان کیا جا رہا ہے جو بتوں کی پرستش نہیں کرتے اور اپنے دل و دماغ اور تمام اعضاء جوارح کے ساتھ اللہ کی طرف متوجہ ہوجاتے ہیں اور اس کے سوا کسی کو پرکاہ کی بھی حیثیت نہیں دیتے ہیں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ان کے لئے جنت کی خوشخبری ہے اس خوشخبری کا ذکر قرآن کریم کی بہت ساری آیتوں میں آیا ہے، انہی میں سے یہ آیت بھی ہے اور نبی کریم (ﷺ) نے سورۃ یونس کی آیت (64) ﴿لَهُمُ الْبُشْرَى فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الْآخِرَةِ﴾ کی تفسیر بیان کرتے ہئے فرمایا کہ ” مومن کو اچھے خواب دکھائے جاتے ہیں“ اور یہ خوشخبری اسے دنیا سے رخصت ہوتے وقت اور قبر میں دی جاتی ہے اور میدان محشر میں بھی دی جائے گی۔