سورة ص - آیت 30

وَوَهَبْنَا لِدَاوُودَ سُلَيْمَانَ ۚ نِعْمَ الْعَبْدُ ۖ إِنَّهُ أَوَّابٌ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور ہم نے داؤد کو سلیمان عطا کیا، اچھا بندہ تھا، بے شک وہ بہت رجوع کرنے والا تھا۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(16) داؤد (علیہ السلام) پر اللہ کا ایک انعام یہ بھی تھا کہ اس نے انہیں سلیمان (علیہ السلام) جیسا بیٹا عطا کیا، جو انہی کی طرح نبی ہوئے، جیسا کہ اللہ نے سورۃ النمل (آیت (٦١) میں فرمایا ہے : ﴿وَوَرِثَ سُلَيْمَانُ دَاوُودَ﴾ ” سلیمان نبوت میں اپنے باپ داؤد کے وارث بن کر آئے۔“ سلیمان (علیہ السلام) کا ذکر خصوصی طور پر نبی ہونے کی وجہ سے ہی ہوا ہے ورنہ داؤد (علیہ السلام) کے ان کے علاوہ بھی بیٹے تھے اللہ تعالیٰ نے سلیمان (علیہ السلام) کے بارے میں فرمایا کہ وہ اپنے رب کے بہت اچھے بندہ تھے، اس لئے کہ کثرت سے ذکر الٰہی اور طلب مغفرت میں مشغول رہتے تھے۔