وَالْقَمَرَ قَدَّرْنَاهُ مَنَازِلَ حَتَّىٰ عَادَ كَالْعُرْجُونِ الْقَدِيمِ
اور چاند، ہم نے اس کی منزلیں مقرر کردیں، یہاں تک کہ وہ دوبارہ پرانی (کھجور کی) ٹیڑھی ڈنڈی کی طرح ہوجاتا ہے۔
چوتھی دلیل زمین کے گرد ماہتاب کی گردش ہے، جس کے مطابق وہ اپنے مقررہ اٹھائیس منازل میں پوری پابندی اور ترتیب و انتظام کے ساتھ گھومتا رہتا ہے جس کی وجہ سے دن، ہفتہ، مہینہ اور سال کا حساب معلوم ہوتا رہتا ہے، ابتدا میں چاند پتلا ہوتا ہے، پھر آہستہ آہستہ بڑا ہوتا جاتا ہے، یہاں تک کہ چودہویں تاریخ کو بدر کامل بن جاتا ہے، اس کے بعد پھر چھوٹا ہونا شروع ہوتا ہے، یہاں تک کہ مہینہ کے آخر میں کھجور کی پتلی سوکھی اور زرد شاخ کی مانند ہوجاتا ہے جو ذات برحق ماہتاب کی اس حیرت انگیز گردش پر قادر ہے، وہ یقیناً تمام انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار کر دوبارہ زندہ کرنے اور ان کے اعمال کا انہیں حساب چکانے پر قادر ہے۔