إِنَّمَا تُنذِرُ مَنِ اتَّبَعَ الذِّكْرَ وَخَشِيَ الرَّحْمَٰنَ بِالْغَيْبِ ۖ فَبَشِّرْهُ بِمَغْفِرَةٍ وَأَجْرٍ كَرِيمٍ
تو تو صرف اسی کو ڈراتا ہے جو نصیحت کی پیروی کرے اور رحمان سے بن دیکھے ڈرے۔ سو اسے بڑی بخشش اور باعزت اجر کی خوش خبری دے۔
اس لئے آپ انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیجیے اور اپنی دعوت و تبلیغ کا رخ ان کی طرف پھیر دیجیے جن کے بارے میں امید ہو کہ وہ دعوت حق کو قبول کرلیں گے اور یہ وہ لوگ ہیں جو قرآن کریم پر ایمان رکھتے ہیں اس کی آیات میں غور و فکر کرتے ہیں اور اس پر عمل کرتے ہیں اور دنیا کی زندگی میں اللہ کو بغیر دیکھ اس سے ڈرتے ہیں اور جب تنہائی میں ہوتے ہیں انہیں کوئی نہیں دیکھ رہا ہوتا ہے تب بھی اس سے ڈرتے ہوئے گناہ نہیں کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپ (ﷺ) سے فرمایا کہ آپ ایسے لوگوں کو گناہوں سے مغفرت اور اجر کریم یعنی جنت کی بشارت دے دیجیے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ الملک آیت 12 میں فرمایا ہے :﴿إِنَّ الَّذِينَ يَخْشَوْنَ رَبَّهُمْ بِالْغَيْبِ لَهُمْ مَغْفِرَةٌ وَأَجْرٌ كَبِيرٌ﴾” بے شک جو لوگ اپنے رب سے غائبانہ طور پر ڈرتے ہیں، ان کے لئے گناہوں سے مغفرت اور بڑا اجر ہے۔