وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا كَافَّةً لِّلنَّاسِ بَشِيرًا وَنَذِيرًا وَلَٰكِنَّ أَكْثَرَ النَّاسِ لَا يَعْلَمُونَ
اور ہم نے تجھے نہیں بھیجا مگر تمام لوگوں کے لیے خوشخبری دینے والا اور ڈرانے والا اور لیکن اکثر لوگ نہیں جانتے۔
24 -عقیدہ توحید بیان کرنے کے بعد اب عقیدہ رسالت بیان کیا جا رہا ہے اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) کو تمام بنی نوع انسان کے لئے رسول بنا کر بھیجا تھا، تاکہ آپ ان پر ایمان لانے والوں اور ان کی اطاعت کرنے والوں کو جنت کی بشارت دیں اور ان کی نافرمانی کرنے والوں کو جہنم کی آگ سے ڈرائیں۔ آیت کے آخر میں اللہ تعالیٰ نے ایک تلخ حقیقت کی خبر دی ہے جس سے مقصود آپ کو تسلی دینی ہے کہ اکثر لوگ رسولوں کی اہمیت اور ان کی دعوت کی افادیت سے ناواقف ہوتے ہیں، اسی لئے ان کی بتائی راہ چھوڑ کر کفر و ضلالت کی راہ اختیار کرتے ہیں، جیسا کہ کفار مکہ کا حال ہے کہ وہ کفر و شرک پر مصر ہیں اور آپ کے مقام نبوت سے بے خبر ہیں۔ آپ (ﷺ) تمام انسانوں کے لئے رسول تھے، اس عقیدے کو قرآن کریم کی کئی دوسری آیتوں میں بھی بیان کیا گیا ہے۔ سورۃ الاعراف آیت 158 میں آیا ہے : ﴿قُلْ يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنِّي رَسُولُ اللَّهِ إِلَيْكُمْ جَمِيعًا﴾ ” آپ کہہ دیجیے کہ اے لوگو ! میں تم سب کی طرف اللہ کا بھیجا ہوا رسول ہوں“ اور سورۃ الفرقان آیت (1) میں ہے : ﴿تَبَارَكَ الَّذِي نَزَّلَ الْفُرْقَانَ عَلَى عَبْدِهِ لِيَكُونَ لِلْعَالَمِينَ نَذِيرًا﴾ ” بہت ہی بابرکت ہے وہ اللہ جس نے اپنے بندے پر فرقان اتارا، تاکہ وہ تمام لوگوں کے لئے آگاہ کرنے والے بن جائیں۔“ اور بخاری و مسلم نے جابر (رض) سے ایک حدیث روایت کی ہے جس میں رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا ہے :” ہر نبی اپنی قوم کے لئے بھیجا جاتا تھا اور میں تمام انسانوں کے لئے نبی بنا کر بھیجا گیا ہوں“ اور صحیح مسلم میں جابر (رض) سے ہی مروی ایک دوسری حدیث ہے، رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا :” میں کالے اور گورے سب کے لئے بھیجا گیا ہوں۔ “