سورة الروم - آیت 29
بَلِ اتَّبَعَ الَّذِينَ ظَلَمُوا أَهْوَاءَهُم بِغَيْرِ عِلْمٍ ۖ فَمَن يَهْدِي مَنْ أَضَلَّ اللَّهُ ۖ وَمَا لَهُم مِّن نَّاصِرِينَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
بلکہ وہ لوگ جنھوں نے ظلم کیا وہ جانے بغیر اپنی خواہشوں کے پیچھے چل پڑے، پھر اسے کون راہ پر لائے جسے اللہ نے گمراہ کردیا ہو اور ان کے لیے کوئی مدد کرنے والے نہیں ہیں۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
اللہ تعالیٰ عقل و ہوش والوں کے لئے اپنی وحدانیت کے دلائل یونہی کھول کر بیان کردیتا ہے، تاکہ ان میں غو رکرکے شرک سے تائب ہوں اور صرف ایک اللہ کی عبادت کریں اور ان تمام کھلی نشانیوں کے باوجود جو لوگ ایمان نہیں لاتے تو اس کی وجہ دلائل و براہین میں کوئی نقص اور کمی نہیں ہوتی بلکہ یہ خواہشات نفس کی اتباع کا نتیجہ ہوتا ہے اور جس کو اللہ اس کے کرتوتوں کی وجہ سے گمراہ کر دے اسے کون ہدایت دے سکتا ہے؟ اور اس سے اللہ کے عذاب کو کون ٹال سکتا ہے؟