سورة العنكبوت - آیت 27

وَوَهَبْنَا لَهُ إِسْحَاقَ وَيَعْقُوبَ وَجَعَلْنَا فِي ذُرِّيَّتِهِ النُّبُوَّةَ وَالْكِتَابَ وَآتَيْنَاهُ أَجْرَهُ فِي الدُّنْيَا ۖ وَإِنَّهُ فِي الْآخِرَةِ لَمِنَ الصَّالِحِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور ہم نے اسے اسحاق اور یعقوب عطا کیے اور اس کی اولاد میں نبوت اور کتاب رکھ دی اور ہم نے اسے اس کا اجر دنیا میں دیا اور بے شک وہ آخرت میں یقیناً صالح لوگوں سے ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنی راہ میں اذیتیں برداشت کرنے اور پھر اس کی رضامندی کی خاطر ہجرت کے صلہ میں اسحٰق جیسا بیٹا اور یعقوب جیسا پوتا عطا کیا اور ہمیشہ کے لیے نبوت اور آسمانی کتابوں کانزول ان کی اولاد کے ساتھ خاص کردیا چنانچہ ان کے بعد تمام انبیاء انہی کی اولاد میں پیدا ہوئے اور تمام آسمانی کتابیں بھی انہی پر نازل ہوئیں تورات موسیٰ پر، زبور داؤد پر، انجیل عیسیٰ پر، اور قرآن کریم نبی کریم (ﷺ)پر اور یہ سب اولاد ابراہیم سے تھے اللہ تعالیٰ نے انہیں دنیا میں اولاد ،روزی اور اس بشارت سے نوازا کہ اب سارے انبیا انہی کی اولاد میں پیدا ہوں گے اور آخرت میں انہیں اکابرین صالحین کے ساتھ جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے گا۔