سورة القصص - آیت 54

أُولَٰئِكَ يُؤْتَوْنَ أَجْرَهُم مَّرَّتَيْنِ بِمَا صَبَرُوا وَيَدْرَءُونَ بِالْحَسَنَةِ السَّيِّئَةَ وَمِمَّا رَزَقْنَاهُمْ يُنفِقُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

یہ لوگ ہیں جنھیں ان کا اجر دوہرا دیا جائے گا، اس کے بدلے کہ انھوں نے صبر کیا اور وہ بھلائی کے ساتھ برائی کو ہٹاتے ہیں اور جو کچھ ہم نے انھیں دیا اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(26) مذکورہ بالا گروہ یہود ونصاری سے مراداہل کتاب ہیں جنہوں نے رسول اللہ کا زمانہ پایا اور ان پراور قرآن کریم پر ایمان لائے جیسے عبداللہ بن سلام اور سلمان فارسی وغیرہ ان کے بارے میں اللہ نے فرمایا کہ انہیں دوگنا اجر ملے گا ایک اجراسلام سے قبل تورات وانجیل پر ایمان لانے اور ان پر عمل کرنے کا اور دوسرا اجر قرآن اور نبی پر ایمان لانے اور اسلام پر عمل پیرا ہونے کا۔ بخاری ومسلم نے ابوموسی اشعری (رض) سے روایت کیا ہے نبی کریم (ﷺ)نے فرمایا کہ تین قسم کے لوگوں کو دوگنا اجرملے گا ان میں سے ایک اہل کتاب کا وہ شخص ہوگا جو اپنی پہلی کتاب پر اور پھر قرآن پر ایمان لایا۔ ان مومنین اہل کتاب کی صفات یہ بھی ہیں کہ وہ برائی کا جواب بھلائی سے دیتے ہیں یا گناہ کے بعد توبہ واستغفار اور نیک عمل کرتے ہیں اور اللہ نے انہیں جو روزی دی ہے اس کا ایک حصہ بھلائی کی راہ میں خرچ کرتے ہیں اور محروموں اور محتاجوں کی مدد کرتے ہیں