سورة الشعراء - آیت 224
وَالشُّعَرَاءُ يَتَّبِعُهُمُ الْغَاوُونَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور شاعر لوگ، ان کے پیچھے گمراہ لوگ لگتے ہیں۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
59۔ بعض مشرکینِ مکہ نبی کریم (ﷺ)کو شاعر کہتے تھے۔ ان کے قول کی تردید کرتے ہوئے اللہ نے فرمایا کہ جس طرح شیاطین اور نبی کریم (ﷺ)کے مزاج میں منافات ہے، شیاطین ان کے قریب بھی نہیں پھٹک سکتے ہیں، اسی طرح نبی کریم (ﷺ)کا شاعر ہونا بھی عقلی طور پر ناممکن ہے، اسلیے کہ ان کے اور عام شاعروں کے مزاج میں شدید منافاقت ہے۔ نبی کریم (ﷺ)حق پسند، حق پرست، صادق و امین اور پاکیزہ نفس و پاکیزہ نظر ہیں، جھوٹ مبالغہ آرائی، افترا پردازی اور لغو اور فحاشی سے ہزاروں کوس دور ہیں، جبکہ شعراء کا حال یہ ہے کہ ان کی پیروی وہ لوگ کرتے ہیں جو جادہ حق سے دور ہوتے ہیں۔