وَلَوْلَا فَضْلُ اللَّهِ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَتُهُ وَأَنَّ اللَّهَ تَوَّابٌ حَكِيمٌ
اور اگر تم پر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت نہ ہوتی اور یہ کہ یقیناً اللہ بہت توبہ قبول کرنے والا، کمال حکمت والا ہے ( تو جھوٹوں کو دنیا ہی میں سزا مل جاتی)۔
آیت (10) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ تشریعی حکم اللہ کا فضل اور اس کی رحمت ہے اس لیے کہ اس کے ذریعہ اس نے مسلمانوں کو ایک بہت بڑی اجتماعی مشکل کا حل بتایا اور جھوٹے کی فضیحت کے بجائے اس کی پردہ پوشی کردی کہ ممکن ہے مستقبل میں وہ اپنی حالت سدھار لے اور اللہ کے سامنے صدق دل سے تائب ہو کر اپنی عاقبت اچھی بنا لے، اس لیے کہ اللہ توبہ قبول کرنے والا اور بڑی حکمتوں والا ہے۔ ان آیات کے شان نزول کے بارے میں محدثین کرام نے ہلال بن امیہ انصاری کا مشہور واقعہ بیا کیا ہے۔ امام احمد اور بخاری و مسلم وغیرہم نے ابن عباس سے جو روایتیں نقل کی ہیں ان کا خلاصہ یہ ہے کہ ہلال بن امیہ ایک رات جب اپنے کھیت سے گھر واپس آئے تو اپنی بیوی کے پاس ایک اجنبی آدمی کو دیکھا، اور اپنے کان سے بھی دونوں کی باتیں سنیں۔ صبح کو رسول اللہ (ﷺ) سے جو کچھ دیکھا تھا بیان کیا، تو آپ پر یہ بات گراں گزری اور سوچا کہ اگر ہلال بن امیہ چار گواہ نہیں پیش کرسکیں گے تو انہیں اسی کوڑے لگ جائیں گے، ہلال نے آپ کے چہرے میں یہ بات پڑھ لی اور کہا کہ یا رسول اللہ (ﷺ) میں سچا ہوں اور مجھے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ میری مشکل کو حل ضرور کرے گا۔ ایک روایت میں آیا ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) نے ہلال بن امیہ سے کہا کہ اگر تم نے اپنے دعوی کی صداقت پر چار گواہ پیش نہیں کیے تو تمہیں کوڑے لگائے جائیں گے۔ چنانچہ تھوڑی دیر کے بعد ہی یہ آیتیں نازل ہوئیں، اور آپ نے اس عورت کو بلا بھیجا، اور اوپر لعان کا جو طریقہ بیان کیا گیا ہے اس کے مطابق ہلال نے اپنی سچائی کی گواہی دی، پھر عورت سے کہا گیا تو اس نے بھی چار بار اپنے شوہر کے جھوٹا ہونے کی گواہی دی، اور پانچویں بار سے پہلے رکی اور اعتراف زنا کرلینا چاہا، لیکن پھر یہ کہتے ہوئے کہ میں اپنے قبیلہ کو رسوا نہیں کروں گی، کہہ گزری کہ اگر میرا شوہر سچا ہے تو مجھ پر اللہ کا غضب ہو، اس کے بعد دونوں ایک دوسرے سے الگ ہوگئے، لیکن جو بچہ اس عورت کے بطن سے پیدا ہوا وہ ویسا ہی تھا جیسا کہ رسول اللہ (ﷺ) نے کہا تھا کہ اس کے اوصاف ایسے ایسے ہوں گے تو وہ ہلال بن امیہ کا نہیں ہوگا۔ جب رسول اللہ (ﷺ) کو خبر ہوئی تو آپ نے فرمایا اگر قسمیں نہ کھائی گئی ہوتیں تو آج عورت کے ساتھ میرا معاملہ کچھ اور ہوتا۔