سورة المؤمنون - آیت 19
فَأَنشَأْنَا لَكُم بِهِ جَنَّاتٍ مِّن نَّخِيلٍ وَأَعْنَابٍ لَّكُمْ فِيهَا فَوَاكِهُ كَثِيرَةٌ وَمِنْهَا تَأْكُلُونَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
پھر ہم نے تمھارے لیے اس کے ساتھ کھجوروں اور انگوروں کے کئی باغ پیدا کیے، تمھارے لیے ان میں بہت سے لذیذ پھل ہیں اور انھی سے تم کھاتے ہو۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
آیت (19) میں فرمایا کہ ہم نے اس پانی کے ذریعہ تمہارے لیے کھجوروں اور انگوروں کے باغات پیدا کیے ہیں، جن میں مختلف ذائقے اور رنگ کے پھل پیدا ہوتے ہیں، اور ان پھلوں میں سے بعض انواع کھانا کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ کھجور اور انگور کا ذکر بطور خاص اس لیے کیا گیا کہ اہل حجاز دوسرے پھلوں کی بہ نسبت ان دونوں پھلوں کو زیادہ جانتے تھے، دیگر ممالک میں اللہ نے دوسرے بہت سے لذیذ و نافع پھل پیدا کیے ہیں، جن کا شکر ادا کرنے سے ان ملکوں کے رہنے والے عاجز ہیں۔