سورة المؤمنون - آیت 1
قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
یقیناً کامیاب ہوگئے مومن۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
1۔ اللہ تعالیٰ نے پہلی آیت سے آیت (11) تک مومنوں کی وہ صفات بیان کی ہیں جن سے متصف ہونے کی صورت میں ان سے فلاح اور کامیابی کا وعدہ کیا گیا ہے، اور اس فلاح سے مراد جہنم سے نجات اور حصول جنت ہے، جیسا کہ اس کی صراحت آیت (11) میں آگئی ہے، سورۃ آل عمران آیت (185) میں بھی اصل کامیابی جہنم سے نجات اور حصول جنت کو بتایا گیا ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ﴿ فَمَنْ زُحْزِحَ عَنِ النَّارِ وَأُدْخِلَ الْجَنَّةَ فَقَدْ فَازَ﴾جو شخص جہنم سے دور کردیا گیا اور جن میں داخل کردیا گیا وہ کامیاب ہوگیا۔ وہ صفات مندرجہ ذیل ہیں :