سورة الأنبياء - آیت 71
وَنَجَّيْنَاهُ وَلُوطًا إِلَى الْأَرْضِ الَّتِي بَارَكْنَا فِيهَا لِلْعَالَمِينَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور ہم نے اسے اور لوط کو اس سر زمین کی طرف نجات دی جس میں ہم نے جہانوں کے لیے برکت رکھی۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(٢٣) ابراہیم (علیہ السلام) آگ سے نکلنے کے بعد لوگوں کے سامنے توحید کی دعوت پیش کرتے رہے اور دن بدن ان کے خلاف بت پرستوں کی عداوت بڑھتی ہی گئی، یہاں تک کہ اللہ نے انہیں اپنا ملک چھوڑ کر سرزمین شام کی طرف ہجرت کرنے کا حکم دیا تو وہ اپنے بھتیجا لوط (جو ان کے بھائی ہاران اصغر کے بیٹے تھے) اور اپنی بیوی سارہ (جو ان کے چچا ہاران اکبر کی بیٹی تھیں) کے ساتھ ملک شام کی طرف روانہ ہوگئے جو اپنی زرخیزی، درختوں، نہروں اور پھلوں کی کثرت کی وجہ سے مشہور تھا، اور جو بہت سے انبیا کی جائے پیدائش تھا اور اسی لیے اللہ نے اسے مومن و کافر سب کے لیے مبارک کہا ہے۔