وَاضْمُمْ يَدَكَ إِلَىٰ جَنَاحِكَ تَخْرُجْ بَيْضَاءَ مِنْ غَيْرِ سُوءٍ آيَةً أُخْرَىٰ
اور اپنا ہاتھ اپنے پہلو کی طرف ملا، وہ کسی عیب کے بغیر سفید (چمکتا ہوا) نکلے گا، اس حال میں کہ ایک اور نشانی ہے۔
(10) موسیٰ (علیہ السلام) کو دیئے گئے دوسرے معجزے کا ذکر ہے۔ حافظ ابن کثیر کہتے ہیں کہ اس آیت کریمہ میں’’ جناح‘‘ سے مراد گریبان ہے، جیسا کہ اس کی صراحت دوسری آیتوں میں آئی ہے، ان کی مراد سورۃ النمل کی آیت (12) ﴿ وَأَدْخِلْ يَدَكَ فِي جَيْبِكَ﴾ اور سورۃ القصص کی آیت (32) ﴿ اسْلُكْ يَدَكَ فِي جَيْبِكَ تَخْرُجْ بَيْضَاءَ مِنْ غَيْرِ سُوءٍ﴾ ہے، ان دونوں آیتوں میں جیب (گریبان) کی صراحت کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے موسیٰ (علیہ السلام) سے فرمایا کہ آپ اپنا ہاتھ اپنے گریبان میں ڈال کر نکالیے، وہ بغیر برص کی بیماری کے خوبصورت چمکتا ہوا ہوگا۔ یہ آپ کی نبوت کی صداقت پر دلالت کرنے والا دوسرا معجزہ ہوگا۔