سورة النحل - آیت 126

وَإِنْ عَاقَبْتُمْ فَعَاقِبُوا بِمِثْلِ مَا عُوقِبْتُم بِهِ ۖ وَلَئِن صَبَرْتُمْ لَهُوَ خَيْرٌ لِّلصَّابِرِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور اگر تم بدلہ لو تو اتنا ہی بدلہ لو جتنی تمھیں تکلیف دی گئی ہے اور بلاشبہ اگر تم صبر کرو تو یقیناً وہ صبر کرنے والوں کے لیے بہتر ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(78) داعیان اسلام کو حکم دیا گیا ہے کہ اگر ان کا واسطہ غیر مسلموں سے پڑے تو پہلے انہیں حق قبول کرنے کی دعوت دیں اور اگر انکار کریں اور جزیہ بھی نہ دیں تو ان سے قتال کریں، اگر دشمنوں سے بدلہ لینے کی نوبت آئے تو زیادتی نہ کریں، ابن جریر کہتے ہیں کہ یہ آیت اس بارے میں نازل ہوئی ہے کہ اگر کوئی مظلوم ظالم کو پالے اور اس سے بدلہ لینے پر قادر ہوجائے تو بدلہ لینے میں زیادتی نہ کرے۔ اور بہرحال بہتر یہی ہے کہ جس پر زیادتی ہوتی ہے وہ صبر کرے اور عفو درگزر سے کام لے۔ جمہور کی رائے ہے کہ یہ آیت محکم ہے اس لیے کہ اس میں انتقام نہ لینے کی نصیحت کی گئی ہے اور صبر کرنے والوں کی تعریف کی گئی ہے۔ اور بعض لوگوں کی رائے ہے کہ یہ آیت ان آیات کے ذریعہ منسوخ ہوگئی ہے جن میں کافروں سے قتال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ شوکانی کہتے ہیں اس قول کی کوئی دلیل نہیں ہے، اس آیت کے شان نزول میں محدثین نے ابی بن کعب سے روایت کی ہے کہ جنگ احد میں چونسٹھ انصاری اور چھ مہاجرین کام آگئے، ان میں حمز ہ رضی اللہ عنہ بھی تھے کافروں نے ان مقتول صحابہ کا مثلہ کیا، یعنی ان کی شکل و صورت بگاڑ دی تھی، انصار نے کہا کہ جس دن ہمیں موقع ملے گا، ان کے ساتھ ایسا ہی کریں گے۔ جب مکہ فتح ہوا تو یہ آیت نازل ہوئی۔ چنانچہ آپ نے کہا کہ ہم صبر کریں گے اور انتقام نہیں لیں گے۔ صحابہ سے کہا کہ تم لوگ سوائے چار آدمی کے کسی اور سے تعرض نہ کرو۔ (ترمذی، زوائد مسند احمد اور حاکم، محدث البانی نے اس کی تصحیح کی ہے)