سورة النحل - آیت 123
ثُمَّ أَوْحَيْنَا إِلَيْكَ أَنِ اتَّبِعْ مِلَّةَ إِبْرَاهِيمَ حَنِيفًا ۖ وَمَا كَانَ مِنَ الْمُشْرِكِينَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
پھر ہم نے تیری طرف وحی کی کہ ابراہیم کی ملت کی پیروی کر، جو ایک اللہ کی طرف ہوجانے والا تھا اور مشرکوں سے نہ تھا۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
اور نبی کریم (ﷺ) کی جلالت قدرو منزلت کے باوجود اللہ تعالیٰ نے آپ کو حکم دیا کہ ابراہیم کی ملت کی پیروی کریں جو اللہ کی خاطر تمام مشرکین سے الگ ہوگئے تھے، معلوم ہوا کہ ابراہیم کی طرف اپنی نسبت کرنے کے حقدار مشرکین اور یہود و نصاری نہیں بلکہ موحد مسلمان ہیں، جنہوں نے تمام باطل معبودوں کو ٹھکرا کر صرف ایک اللہ کی بندگی کو اپنا لیا، اور جنہوں نے اپنی عبادت اور اپنا جینا اور مرنا صرف اللہ رب العالمین کے لیے خاص کردیا۔