سورة الحجر - آیت 87
وَلَقَدْ آتَيْنَاكَ سَبْعًا مِّنَ الْمَثَانِي وَالْقُرْآنَ الْعَظِيمَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور بلاشبہ یقیناً ہم نے تجھے بار بار دہرائی جانے والی سات آیتیں اور بہت عظمت والا قرآن عطا کیا ہے۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(35) نبی کریم (ﷺ) کو کفار قریش کی اذیتوں پر صبر کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ آپ کو تو اللہ نے بے شمار عظیم نعمتوں سے نواز رکھا ہے، جن میں سب سے بڑی نعمت سورۃ الفاتحہ اور پورا قرآن کریم ہے، اس لیے آپ دل چھوٹا نہ کیجیے اور پیغام رسانی کے کام میں لگے رہیے، کیونکہ آدمی جب اپنے اوپر اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمتوں کو یاد کرتا ہے تو دعوت کی راہ کی مشکلیں آسان ہوجاتی ہیں۔