سورة الحجر - آیت 50

وَأَنَّ عَذَابِي هُوَ الْعَذَابُ الْأَلِيمُ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور یہ بھی کہ بے شک میرا عذاب ہی دردناک عذاب ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اور جو شخص اپنے کفر و عصیان پر مصر رہے گا تو اسے جان لینا چاہیے کہ میرا عذاب بڑا ہی دردناک ہے۔ امام بخاری نے ابو ہریرہ سے روایت کی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جب رحمت کو پیدا کیا، تو اسے سو حصوں میں تقسیم کردیا، نناوے حصوں کو اپنے پاس محفوظ رکھا اور ایک حصہ کو اپنی تمام مخلوقات میں تقسیم کردیا، اللہ کے پاس رحمت کا جو خزانہ ہے، اگر اس کا علم کافر ہوجائے تو کبھی اللہ کی رحمت سے ناامید نہ ہو، اللہ کے پاس عذاب کی جو مقدار ہے اگر اسے مؤمن جان لے تو جہنم کی آگ سے کبھی اپنے آپ کو مامون نہ سمجھے۔ معلوم ہوا کہ مؤمن کو امید و ناامیدی اور خوف و رجاء کے درمیان جو معتدل راہ ہے اسے اختیار کرنا چاہیے، نہ اللہ کی رحمت پر بھروسہ کر کے ایمان و عمل کی راہ کو چھوڑ دے، اور نہ ہی اس کی رحمت سے ناامید ہو کر بیٹھ جائے۔