أَلَمْ تَرَ أَنَّ اللَّهَ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ بِالْحَقِّ ۚ إِن يَشَأْ يُذْهِبْكُمْ وَيَأْتِ بِخَلْقٍ جَدِيدٍ
کیا تو نے نہیں دیکھا کہ بے شک اللہ نے آسمانوں اور زمین کو حق کے ساتھ پیدا کیا ہے، اگر وہ چاہے تو تمھیں لے جائے اور ایک نئی مخلوق لے آئے۔
(15) آیت میں خطاب نبی کریم (ﷺ)سے ہے، اور مراد ان کی امت ہے، یا کافروں کے ہر فرد سے خطاب ہے اور مقصود یہ بتانا ہے کہ جس ذات باری تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین اور ان کے درمیان کی تمام چیزوں کو پیدا کیا ہے وہ یقینا اس بات پر قادر ہے کہ قیامت کے دن انسانوں کو دوبارہ زندہ کرے، اللہ تعالیٰ نے سورۃ یسین آیت (81) میں فرمایا ہے : یعنی جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے کیا وہ ان جیسوں کے پیدا کرنے پر قادر نہیں ہے، بیشک قادر ہے اور وہی تو پیدا کرنے والا دانا بینا ہے۔ نیز مشرکین کو یہ بھی بتانا مقصود ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کو عاجز نہیں کرسکتے ہیں گر وہ اس کے اوامر کی اسی طرح خلاف ورزی کرتے رہے تو بہت ممکن ہے کہ انہیں ہلاک کردے اور ان سے اچھے لوگوں کو پیدا کرے جو اس کے مطیع و فرمانبردار ہوں گے۔ اس لیے کہ قادر مطلق کے لیے کوئی بات مشکل نہیں ہے، اللہ تعالیٰ نے سورۃ النساء آیت (133) میں فرمایا ہے : یعنی اگر اسے منظور ہو تو اے لوگو ! وہ تم سب کو فنا کردے اور دوسروں کو لے آئے اور اللہ تعالیٰ اس پر پوری قدرت رکھتا ہے۔