فَلَوْلَا كَانَتْ قَرْيَةٌ آمَنَتْ فَنَفَعَهَا إِيمَانُهَا إِلَّا قَوْمَ يُونُسَ لَمَّا آمَنُوا كَشَفْنَا عَنْهُمْ عَذَابَ الْخِزْيِ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَمَتَّعْنَاهُمْ إِلَىٰ حِينٍ
سو کوئی ایسی بستی کیوں نہ ہوئی جو ایمان لائی ہو، پھر اس کے ایمان نے اسے نفع دیا ہو، یونس کی قوم کے سوا، جب وہ ایمان لے آئے تو ہم نے ان سے ذلت کا عذاب دنیا کی زندگی میں ہٹا دیا اور انھیں ایک وقت تک سامان دیا۔
(63) مشرکین مکہ کو عذاب آنے سے پہلے ایمان لانے کی ترغیب دلائی جارہی ہے، اور وہ اس طرح کہ ان کے سامنے ان بستیوں کی مثال پیش کی جارہی ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے اس لیے ہلاک کردیا کہ ان کے رہنے والوں نے عذاب آنے سے پہلے ایمان کا اعلان نہیں کیا، جیسا کہ فرعونیوں کے ساتھ ہوا کہ جب انہوں نے اپنے آپ کو ڈوبتے دیکھا تو کہا کہ ہم ایمان لے آئے، اگر انہوں نے عذاب آنے سے پہلے ایمان کا اعلان کیا ہوتا تو ان کا ایمان ان کے کام آتا، اللہ تعالیٰ نے اس حکم سے یونس (علیہ السلام) کی قوم کو مستثنی قرار دیا ہے، اس لیے کہ انہوں نے عذاب آنے سے پہلے اس کے آثار دیکھتے ہی فورا توبہ کرلی تھی، تو اللہ نے ان کی توبہ قبول کرلی اور عذاب کو ٹال دیا تھا، بعض علمائے تفسیر نے لکھا ہے کہ یہ جملہ نفی کے معنی میں ہے، گویا یوں کہا گیا ہے کہ یونس (علیہ السلام) کی قوم کے علاوہ ہلاک ہونے والی بستیوں میں سے کوئی بستی بھی ایمان نہیں لائی۔ ائمہ تفسیر نے عبداللہ بن مسعود، قتادہ اور سعید بن جبیر وغیرہم سے یونس (علیہ السلام) اور ان کی قوم کے بارے میں جو روایتیں نقل کی ہیں ان کا خلاصہ یہ ہے کہ وہ موصل شہر کے رہنے والے تھے، اللہ نے انہیں نینوی شہر والوں کے لیے نبی بنا کر بھیجا تھا، جسے اشور بن نمرود نے بسایا تھا، جو نوح (علیہ السلام) کے بیٹوں کی اولاد سے تھا، یہ شہر دنیا کے قدیم ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے، اس وقت اس کی آبادی چھ لاکھ تھی، اس زمانے میں اشوریوں کی قوت اتنی بڑھ گئی تھی کہ ایشیا کے اکثر علاقے ان کے زیر تصرف آگئے تھے، اسی وجہ سے وہ کبر و غرور میں مبتلا ہوگئے تھے اور اللہ سے سرکشی کرنے لگے تھے، انہی کی ہدایت کے لیے اللہ نے یونس (علیہ السلام) کو مبعوث کیا، لیکن جب وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے، تو یونس (علیہ السلام) نے ان سے کہا کہ اب تم لوگ اللہ کے عذاب کا انتظار کرو جو چالیس دن کے بعد تمہیں آلے گا، خود وہاں سے نکل کر صحرا کی طرف چلے گئے، جب اشوریوں کے امیر کو پتہ چلا تو ڈر گیا، اور پوری قوم کے ساتھ اللہ کے سامنے تائب ہوا، جب اللہ نے دیکھا کہ وہ لوگ اپنی توبہ میں صادق ہیں تو عذاب کو ٹال دیا۔