سورة یونس - آیت 57

يَا أَيُّهَا النَّاسُ قَدْ جَاءَتْكُم مَّوْعِظَةٌ مِّن رَّبِّكُمْ وَشِفَاءٌ لِّمَا فِي الصُّدُورِ وَهُدًى وَرَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اے لوگو! بے شک تمھارے پاس تمھارے رب کی طرف سے عظیم نصیحت اور اس کے لیے سراسر شفا جو سینوں میں ہے اور ایمان والوں کے لیے سرا سر ہدایت اور رحمت آئی ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(44) عقیدہ توحید، نبی کریم (ﷺ) کی صداقت، اور بعث بعد الموت کی حقانیت ثابت کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ نے عرب و عجم کے تمام بنی نوع انسان کو قرآن کریم کی عظمت کا احساس دلایا ہے، اور اس کی عظیم ترین خوبیوں کو بیان کر کے گویا انہیں دعوت دی ہے کہ جب قرآن ان گنت خوبیوں والی کتاب ہے، تو اس پر ایمان لاکر اپنی دنیا وآخرت کیوں نہیں سدھار لیتے؟ قرآن کریم میں انسانوں کے لیے ہر قسم کی نصیحت ہے، اس کے ذریعہ شک و شبہ اور کفر و نفاق کی بیماریوں سے شفا ملتی ہے، اور یہ مؤمنوں کے لیے ہدایت اور باعث رحمت ہے۔