سورة التوبہ - آیت 20

الَّذِينَ آمَنُوا وَهَاجَرُوا وَجَاهَدُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ بِأَمْوَالِهِمْ وَأَنفُسِهِمْ أَعْظَمُ دَرَجَةً عِندَ اللَّهِ ۚ وَأُولَٰئِكَ هُمُ الْفَائِزُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

جو لوگ ایمان لائے اور انھوں نے ہجرت کی اور اللہ کے راستے میں اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ساتھ جہاد کیا، اللہ کے ہاں درجے میں زیادہ بڑے ہیں اور وہی لوگ کامیاب ہیں۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(17) اوپر جو ایمان باللہ اور جہاد فی سبیل اللہ کی فضیلت بیان کی گئی ہے اسی کو مزید صراحت کے ساتھ اللہ نے اس آیت میں بیان کردیا ہے کہ اللہ پر ایمان لانا اس کی رضا کی خاطر ملک ووطن اور مال ودولت چھوڑ کر ہجرت کرنا اور اللہ کی راہ میں جان ومال سے جہاد کرنا اللہ کے نزدیک زیادہ اونچا مقام رکھتا ہے اللہ ایسے لوگوں پر اپنی رحمتوں کی بارش کرے گا ان سے ہمیشہ کے لیے خوش ہوجائے گا اور انہیں لازوال نعمتوں والی جنتوں میں داخل کرے گا جن میں وہ ہمیشہ رہیں گے ۔