سورة التوبہ - آیت 4
إِلَّا الَّذِينَ عَاهَدتُّم مِّنَ الْمُشْرِكِينَ ثُمَّ لَمْ يَنقُصُوكُمْ شَيْئًا وَلَمْ يُظَاهِرُوا عَلَيْكُمْ أَحَدًا فَأَتِمُّوا إِلَيْهِمْ عَهْدَهُمْ إِلَىٰ مُدَّتِهِمْ ۚ إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الْمُتَّقِينَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
مگر مشرکوں میں سے وہ لوگ جن سے تم نے عہد کیا، پھر انھوں نے تم سے عہد میں کچھ کمی نہیں کی اور نہ تمھارے خلاف کسی کی مدد کی تو ان کے ساتھ ان کا عہد ان کی مدت تک پورا کرو۔ بے شک اللہ متقی لوگوں سے محبت کرتا ہے۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(4) جن مشر کین کے معاہدوں کی مدت چار ماہ سے کم تھی یا جن کا معاہدہ معین مدت تک کے لیے تھا انہیں چارماہ کی مہلت دی گئی جیسا کہ اوپر گذر چکا لیکن جن مشرکین کے معاہدوں کی مدت چارماہ سے زیادہ تھی اور انہوں نے معاہدوں کی شروط کی پابندی کی تھی انہیں ان کی پوری مدتک کے لے مہلت دی گئی اسی حکم کو اس آیت میں بیان کیا گیا ہے۔