وَالَّذِينَ آمَنُوا مِن بَعْدُ وَهَاجَرُوا وَجَاهَدُوا مَعَكُمْ فَأُولَٰئِكَ مِنكُمْ ۚ وَأُولُو الْأَرْحَامِ بَعْضُهُمْ أَوْلَىٰ بِبَعْضٍ فِي كِتَابِ اللَّهِ ۗ إِنَّ اللَّهَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ
اور جو لوگ بعد میں ایمان لائے اور ہجرت کی اور تمھارے ساتھ مل کر جہاد کیا تو وہ تم ہی سے ہیں، اور رشتے دار اللہ کی کتاب میں ایک دوسرے کے زیادہ حق دار ہیں۔ بے شک اللہ ہر چیز کو خوب جاننے والا ہے۔
(66) یعنی جو لوگ ہجرت کے بعد مسلمان ہوئے اور ہجرت کرکے مدینہ آگئے اور مسلما نوں کے ساتھ مل کر جہاد کیا تو وہ بھی سابق مہاجرین وانصار کی طرح مناصرت وموالات کے مستحق ہیں وہ بھی حقیقی مؤمن ہیں اور آخرت میں ان پر بھی اللہ تعالیٰ عفو ومغفرت کی چادر ڈال دے گا، اور جنت کی نعمتوں سے نوازے گا۔ (67) اس سے مراد وہ تمام رشتہ داریا ہیں جو رحم کے ذریعہ قائم ہوتی ہیں ابن عباس، مجاہد، عکرمہ اور حسن وغیر ہم نے کہا کہ یہ آیت معاہدہ، حلف اور اخوت ودوستی کے ذریعہ وراثت کے حکم کے لیے ناسخ ہے اس آیت کے بعد وراثت کا حکم صرف قرابت آبائی نسب اور سسرالی رشتوں کے ذریعہ با قی رہ گیا اور معاہدہ، حلف صرف آپس کے تعاون، ایک دوسرے کی مدد اور حسب معاہدہ دیگر امور واحکام کے لیے جاری وساری ہے۔ ابو داؤ د نے ابن عباس (رض) سے روایت کی ہے کہ پہلے لوگ حلف ومعاہدہ کے ذریعہ بغیر کسی خاندانی رشتہ داری کے ایک دوسرے کے وارث بنتے تھے تو سورۃ انفال کی اس آیت نے اس حکم کو منسوخ کردیا۔ ابو دا ؤد طیا لسی طبرانی اوار ابن مردویہ نے ابن عباس (رض) ہی سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) نے اپنے صحا بہ کے درمیان بھائی چارگی قائم کردی تھی جس کے مطا بق وہ لوگ آپس میں ایک دوسرے کے وارث ہوتے تھے یہاں تک کہ یہ آیت نازل ہوئی رشتہ دار لوگ ایک دوسرے کے زیادہ حقدرا ہیں، تو لوگ صرف نسب کے ذریعہ ایک دوسرے کے وارث بننے لگے اور دیگر اسباب کا اعتبار نہ رہا آیت میں (کتاب اللہ) سے مراد اللہ کا حکم یا لوح محفوظ یا قرآن کریم ہے۔