وَإِمَّا تَخَافَنَّ مِن قَوْمٍ خِيَانَةً فَانبِذْ إِلَيْهِمْ عَلَىٰ سَوَاءٍ ۚ إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ الْخَائِنِينَ
اور اگر کبھی تو کسی قوم کی جانب سے کسی خیانت سے فی الواقع ڈرے تو (ان کا عہد) ان کی طرف مساوی طور پر پھینک دے۔ بے شک اللہ خیانت کرنے والوں سے محبت نہیں کرتا۔
(48) بنو قریظہ کی بد عہدی اور خیانت کا جب ذکر آیا تو موقع کی منا سبت سے اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول اللہ (ﷺ) کو ایک بہت ہی اہم جنگی اصول بتایا وہ یہ کہ اکر کسی نے مسلمانوں کے ساتھ جنگ بندی اور صلح کا معاہدہ کیا ہو، لیکن کچھ علامتیں ایسی ظاہر ہو رہی ہوں جن سے مسلمانوں کو پتہ چل جائے کہ یہ لوگ ایک نہ ایک دن خیانت کر ہی بیٹھیں گے تو ایسی صورت میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو حکم دیا ہے کہ ان سے کہہ دیں کہ اب ہمارے اور تمہارے درمیان کوئی عہد باقی نہیں رہا لیکن ان سے جنگ کرنے میں پہل نہ کریں، تاکہ کفار مسلما نوں کو خیانت اور بدعہدی کے ساتھ متہم نہ کرسکیں اس لیے کہ بد عہدی بہت ہی مذموم صفت ہے جسے اللہ تعالیٰ پسند نہیں کرتا۔ یہ تو اس صورت میں ہے کہ کافروں کی خیانت کھل کر سامنے نہ آئی ہو، اگر ان کی بدعہدی ظاہر ہوگئی ہو تو پھر مسلمانوں کی طرف سے نقض عہد کے اعلان کی کوئی ضروت باقی نہیں رہتی جیسا کہ رسول اللہ (ﷺ) نے اہل مکہ کے ساتھ کیا کہ جب انہوں نے رسول اللہ (ﷺ) کے حلیف قبیلہ خزاعہ والوں کو قتل کر کے اپنی بد عہدی کا اعلان کردیا تو رسول اللہ (ﷺ) مسلمانوں کی فوج لے کر ان کی سرکوبی کے لیے روانہ ہوگئے اور کفار قریش کو ان کی آمد کا پتہ چلا جب وہ ( مراظہران) پہنچ گئے جو مکہ سے چند میل کے فاصلہ پر ہے۔