سورة الاعراف - آیت 170
وَالَّذِينَ يُمَسِّكُونَ بِالْكِتَابِ وَأَقَامُوا الصَّلَاةَ إِنَّا لَا نُضِيعُ أَجْرَ الْمُصْلِحِينَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور جو لوگ کتاب کو مضبوطی سے پکڑتے ہیں اور انھوں نے نماز قائم کی، یقیناً ہم اصلاح کرنے والوں کا اجر ضائع نہیں کرتے۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(104) بنی اسرائیل میں کچھ لوگ تورات کا علم رکھتے تھے، اور اللہ تعالیٰ کے اوامرو نواہی سے خوب واقف تھے لیکن ان پر عمل نہیں کرتے تھے، ایسے لوگوں کا اوپر ذکر آچکا، اور ان میں کچھ لوگ ایسے بھی تھے، جو دینی امور میں تورات کے احکام کی پابندی کرتے تھے اور ان کی اس پابندی نے انہیں نبی کریم (ﷺ) پر ایمان لانے پر مجبور کیا اور بلآخر وہ مسلمان ہوگئے اس آیت کریمہ میں اللہ نے انہی پابند تورات اور پابند نماز لوگوں کو خوشخبری دی ہے کہ اللہ ان کا اجر ضائع نہیں کرے گا۔