سورة المآئدہ - آیت 65
وَلَوْ أَنَّ أَهْلَ الْكِتَابِ آمَنُوا وَاتَّقَوْا لَكَفَّرْنَا عَنْهُمْ سَيِّئَاتِهِمْ وَلَأَدْخَلْنَاهُمْ جَنَّاتِ النَّعِيمِ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور اگر واقعی اہل کتاب ایمان لے آتے اور ڈرتے تو ہم ضرور ان سے ان کے گناہ دور کردیتے اور انھیں ضرور نعمت کے باغوں میں داخل کرتے۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[١١٠] یعنی ان کی بھلائی اس بات میں تھی کہ ایسی شرارتیں اور فتنہ و فساد بپا کرنے والے کام چھوڑ کر ایمان لے آتے تو انہیں دوہرا اجر ملتا جیسا کہ حدیث میں وارد ہے کہ ’’اہل کتاب سے جو شخص ایمان لائے اس کو دوہرا اجر ملے گا ایک اپنے نبی اور کتاب پر ایمان لانے کا اور دوسرا مجھ پر اور قرآن پر ایمان لانے کا۔‘‘ (بخاری۔ کتاب العتق۔ باب، فضل من ادب جاریتہ و علمھا )