سورة الضحى - آیت 4
وَلَلْآخِرَةُ خَيْرٌ لَّكَ مِنَ الْأُولَىٰ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور یقیناً پیچھے آنے والی حالت تیرے لیے پہلی سے بہتر ہے۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٣] اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ایک عظیم الشان خوشخبری دی اور اس وقت دی جبکہ اس کے پورا ہونے کے آثار دور دور تک کہیں نظر نہ آتے تھے۔ نیز اس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تسلی بھی دی گئی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کفار مکہ کی ایذا دہی اور ظلم و جور سے نہ گھبرائیں۔ کیونکہ آپ کی زندگی کا ہر آنے والا دور اپنے پہلے دور سے بہتر ہوگا۔ بالفاظ دیگر رفتہ رفتہ آپ کے عز و شرف میں لگاتار ترقی ہوتی رہے گی۔ پھر یہ وعدہ صرف دنیا کی زندگی تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ آخرت میں آپ کو جو بلند مقام عطا ہوگا وہ کائنات میں کسی دوسرے کو عطا نہیں ہوگا۔