سورة النازعات - آیت 20
فَأَرَاهُ الْآيَةَ الْكُبْرَىٰ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
چنانچہ اس نے اسے بہت بڑی نشانی دکھائی۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[١٥] فرعون کا معجزہ کا مطالبہ :۔ اس انتہائی نرم گفتگو کے باوجود اور بات کو سمجھ جانے کے باوجود فرعون اپنے اقتدار اور متکبرانہ روش سے دستبردار ہونے کے لیے قطعاً تیار نہ ہوا اور پوچھنے لگا کہ تم اپنے اس دعویٰ رسالت کی تائید میں اللہ کی طرف سے کوئی نشانی بھی پیش کرسکتے ہو؟ موسیٰ علیہ السلام نے اس سوال کا اثبات میں جواب دیا اور بھرے دربار میں اپنا عصا جو زمین پر پھینکا تو وہ ایک اژدھا بن گیا جس سے فرعون اور سب درباری سخت مرعوب اور دہشت زدہ ہوگئے۔ بالآخر فرعون نے سیدنا موسیٰ علیہ السلام سے التجا کی کہ وہ جلد از جلد اس اژدھا کو سنبھال لیں۔ چنانچہ آپ نے آگے بڑھ کر اسے پکڑ لیا تو وہ پھر سے وہی پہلے والاعصا بن گیا۔