سورة النازعات - آیت 16
إِذْ نَادَاهُ رَبُّهُ بِالْوَادِ الْمُقَدَّسِ طُوًى
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
جب اس کے رب نے اسے مقدس وادی طویٰ میں پکارا۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[١٢] نبوت سے سرفرازی :۔ یہ مقدس وادی، جس کا نام طویٰ ہے، کوہ طور کے دامن میں واقع ہے۔ مدین سے مصر یا مصر سے مدین جاتے ہوئے راستہ میں پڑتی ہے۔ اسی مقام پر سیدنا موسیٰ علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ سے ہمکلامی کا دو دفعہ شرف حاصل ہوا تھا۔ پہلی دفعہ جب وہ اپنے اہل و عیال سمیت مصر جارہے تھے تو اللہ تعالیٰ نے حالات ہی ایسے پیدا کردیئے کہ آپ اس وادی میں آگ دیکھ کر وہاں پہنچ گئے اسی مقام پر اور اسی موقع پر آپ کو منصب نبوت سے نوازا گیا تھا۔ اور دوسری دفعہ جب تورات لینے کی غرض سے وہاں گئے تھے۔