سورة النازعات - آیت 15

هَلْ أَتَاكَ حَدِيثُ مُوسَىٰ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

کیا تیرے پاس موسیٰ کی بات پہنچی ہے؟

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[١١] قصہ موسیٰ وفرعون :۔ قیامت کے ذکر میں فرعون کا ذکر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تسلی دینے کے خاطر لایا گیا ہے۔ یعنی یہ مکہ کے کافر تو فرعون کے مقابلہ میں کچھ بھی حقیقت نہیں رکھتے۔ وہ مصر کے بہت سے علاقہ کا واحد حکمران انتہائی مغرور اور سرکش بادشاہ تھا۔ اس نے بھی جب ہمارے بھیجے ہوئے پیغمبروں کو جھٹلایا۔ ان کی دعوت کو تسلیم کرنے کی بجائے اکڑ بیٹھا تو ہم نے اسے اور اس کی آل کو سمندر میں غرق کردیا تھا۔ اور اب یہ کفار بھی اگر فرعون جیسا ہی کردار ادا کریں گے تو یہ اللہ کی گرفت سے کیونکر بچ سکیں گے؟