سورة الإنسان - آیت 23
إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا عَلَيْكَ الْقُرْآنَ تَنزِيلًا
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
یقیناً ہم نے ہی تجھ پر یہ قرآن اتارا، تھوڑا تھوڑا کرکے اتارنا۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٢٧] کفار مکہ کا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایک یہ اعتراض بھی تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ساتھ کے ساتھ قرآن تصنیف کرتے رہتے ہیں۔ پھر ہمیں سنا دیتے ہیں۔ اگر یہ قرآن اللہ کی طرف سے نازل شدہ ہوتا تو ایک ہی بار نازل ہوجاتا۔ اس اعتراض کو نقل کیے بغیر اس کا جواب دیا جارہا ہے۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے تاکید اور تاکید مزید کے طور پر جمع متکلم کی تین ضمیریں استعمال فرمائیں ایک انا میں دوسرے نحن میں اور تیسرے نَزَّلْنَا میں۔ اتنی تاکید کے ساتھ فرمایا کہ یہ قرآن رسول کا تصنیف کردہ نہیں بلکہ ہم ہی نے اسے نازل کیا ہے اور تدریجاً نازل کیا ہے جس میں کئی مصلحتیں ہیں۔ جن کا ذکر قرآن میں متعدد مقامات پر گزر چکا ہے۔