سورة الحاقة - آیت 5

فَأَمَّا ثَمُودُ فَأُهْلِكُوا بِالطَّاغِيَةِ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

سو جو ثمود تھے وہ حد سے بڑھی ہوئی (آواز) کے ساتھ ہلاک کردیے گئے۔

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٤] قوم ثمود پر کس قسم کا عذاب آیا تھا ؟ ثمود کو کون سے عذاب سے ہلاک کیا گیا تھا ؟ اس کے لیے مختلف مقامات پر مختلف الفاظ آئے ہیں۔ سورۃ اعراف آیت ٨٧ میں اس کو الرَّجْفَۃُ (زبردست زلزلہ) کہا گیا ہے۔ سورۃ ہود کی آیت نمبر ٦٧ میں الصَّیْحَۃُ (زبردست دھماکہ یا ہیبت ناک چیخ) کا لفظ آیا ہے اور سورۃ حم السجدہ کی آیت نمبر ١٧ میں ﴿صَاعِقَۃُ الْعَذَابِ﴾ (یعنی گرنے والی بجلی کا عذاب) کا لفظ آیا ہے اور یہاں الطَّاغِیَۃَ کا لفظ آیا ہے۔ جس سے عذاب میں سخت سرکشی کا مفہوم پایا جاتا ہے۔ یہ ایک ہی واقعہ کی مختلف کیفیتوں کا بیان ہے۔ اور وہ عذاب یہ تھا کہ ارضی اور سماوی دونوں قسم کے عذاب قوم ثمود پر یک دم آتے تھے۔