سورة القلم - آیت 10
وَلَا تُطِعْ كُلَّ حَلَّافٍ مَّهِينٍ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور تو کسی بہت قسمیں کھانے والے ذلیل کا کہنا مت مان۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٨] زیادہ قسمیں کھانے والا انسان ذلیل ہوتا ہے :۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے ایک مسلمہ اصول بیان فرمایا کہ جو شخص بات بات پر قسمیں کھاتا ہے۔ یا اسے قسمیں اٹھانے کی ضرورت پیش آتی ہے تو اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ اسے اپنی کسی بات پر نہ خود اعتماد ہوتا ہے اور نہ دوسروں کو اعتماد ہوتا ہے۔ وہ اپنی نظروں میں بھی ذلیل اور دوسروں کی نظروں میں بھی ذلیل ہوتا ہے۔ لہٰذا ایسے شخص کی بات ماننے کا کچھ فائدہ نہ ہوگا۔