أَفَتُمَارُونَهُ عَلَىٰ مَا يَرَىٰ
پھر کیا تم اس سے جھگڑتے ہو اس پر جو وہ دیکھتا ہے۔
[٨] اس کے مخاطب قریش مکہ ہیں اور انہیں کہا یہ جارہا ہے کہ تم اپنے رفیق ( محمدصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو خود سچا اور راست باز انسان تسلیم کرتے ہو۔ اور وہ اپنے ذاتی اور عینی مشاہدہ کی بنا پر تم سے ایک بات کہتا ہے جو اسے دن کی روشنی میں اور عالم بیداری میں پیش آئی۔ پھر تم اس کی بات کا انکار کرتے۔ اور اس سے جھگڑا کرتے ہو تو آخر تمہارے پاس اس کو جھٹلانے اور اس پر جھگڑا کرنے کے لیے کیا دلیل ہے؟ واضح رہے کہ اس بارے میں صحابہ میں بھی اختلاف تھا کہ آیا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس وقت جبریل کو دیکھا تھا یا اللہ تعالیٰ کو دیکھا تھا تو اس کے متعلق صحابہ کی اکثریت کا یہ قول ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جبریل کو دیکھا تھا۔ لے دے کے ایک سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما ہیں جو یہ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کو دیکھا تھا مگر وہ بھی اس بات کی پابندی لگاتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کو ان ظاہری آنکھوں سے نہیں بلکہ دل یا دل کی آنکھوں سے دیکھا تھا۔ جیسا کہ درج ذیل احادیث سے واضح ہوتا ہے۔ ١۔ کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جبرئیل کو دیکھا تھا یا اللہ کو؟ مسروق کہتے ہیں کہ میں نے ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا : ’’امی! کیا محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے پروردگار کو دیکھا تھا ؟‘‘ انہوں نے جواب دیا : ’’تیری اس بات پر تو میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔ تین باتیں کیا تو سمجھ نہیں سکتا جو شخص تجھ سے وہ بیان کرے وہ جھوٹا ہے۔ جو شخص تجھ سے یہ کہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے پروردگار کو دیکھا تھا اس نے جھوٹ بولا پھر انہوں نے یہ آیت پڑھی۔﴿ لَا تُدْرِکُہُ الْاَبْصَارُ وَہُوَ یُدْرِکُ الْاَبْصَارَ وَہُوَ اللَّطِیْفُ الْخَبِیْرُ وَمَا كَانَ لِبَشَرٍ أَن يُكَلِّمَهُ اللَّـهُ إِلَّا وَحْيًا أَوْ مِن وَرَاءِ حِجَابٍ ﴾ اور جو شخص تجھ سے یہ کہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کل کو ہونے والی بات جانتے تھے اس نے بھی جھوٹ بولا۔ پھر انہوں نے یہ آیت پڑھی۔ ﴿وَمَا تَدْرِیْ نَفْسٌ مَّاذَا تَکْسِبُ غَدًا وَمَا تَدْرِیْ نَفْسٌ بِاَیِّ اَرْضٍ تَمُوْتُ اِنَّ اللّٰہَ عَلِیْمٌ خَبِیْرٌ ﴾ اور جو شخص تجھ سے یہ کہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے وحی سے کچھ چھپا رکھا وہ بھی جھوٹا ہے۔ پھر انہوں نے یہ آیت پڑھی ﴿یٰٓاَیُّھَا الرَّسُوْلُ بَلِّــغْ مَآ اُنْزِلَ اِلَیْکَ مِنْ رَّبِّکَ ﴾ بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جبریل کو ان کی اصلی صورت میں دو بار دیکھا تھا۔ (بخاری، کتاب التفسیر) ٢۔ شعبی کہتے ہیں کہ عرفات میں کعب کی ابن عباس رضی اللہ عنہما سے ملاقات ہوئی اور ان سے کوئی بات پوچھی۔ پھر کعب نے اتنے زور سے اللہ اکبر کہا کہ پہاڑ گونج اٹھے۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا :’’ہم بنو ہاشم ہیں (یعنی ہم پر اتنا غصہ نہ کیجئے)‘‘ کعب رضی اللہ عنہ کہنے لگے کہ ’’اللہ تعالیٰ نے اپنے دیدار اور کلام کو محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور موسیٰ علیہ السلام میں تقسیم کیا۔ موسیٰ علیہ السلام نے اللہ سے دو بار کلام کیا اور محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دو بار اللہ کو دیکھا‘‘ مسروق کہتے ہیں کہ پھر میں نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس جاکر پوچھا کہ: ’’کیا محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے رب کو دیکھا تھا ؟‘‘ انہوں نے جواب دیا کہ : ’’تم نے ایسی بات کہی جس سے میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے‘‘ میں نے کہا :’’ذرا سوچ لیجئے‘‘ پھر میں نے یہ آیت پڑھی۔ ﴿ لَقَد' رَایٰ مِنْ آیَاتِ رَبِّہِ الْکُبْرٰی﴾ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا مجھے کہنے لگیں : تیری عقل کہاں گئی وہ تو جبریل تھے جو شخص تجھے یہ بتائے کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے رب کو دیکھا یا کچھ حصہ چھپایا جس کا انہیں حکم دیا گیا تھا یا وہ پانچ باتیں جانتے تھے جو اللہ تعالیٰ نے اس آیت ﴿ اِنَّ اللّٰہَ عِنْدَہٗ عِلْمُ السَّاعَۃِ ﴾ (۳۴:۳۱)میں بتائیں۔ اس نے اللہ پر بہت بڑا جھوٹ باندھا۔ بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جبریل کو اس کی اصل صورت میں دو مرتبہ دیکھا۔ ایک دفعہ سدرۃ المنتہیٰ کے پاس اور ایک دفعہ (مکہ کے محلہ) جیاد میں، اس کے چھ سو پر تھے اور اس نے آسمان کے کناروں کو ڈھانپ لیا تھا۔ (ترمذی۔ ابو اب التفسیر) سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے یہ آیت پڑھی ﴿ مَا کَذَبَ الْفُؤَادُ مَا رَاٰی ﴾ اور کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کو اپنے دل (کی آنکھ) سے دیکھا تھا۔ (حوالہ ایضاً) ٣۔ سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پوچھا : ’’کیا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کو دیکھا ہے؟‘‘ تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جواب دیا : ’’وہ تو نور ہے میں اسے کہاں سے دیکھ سکتا ہوں‘‘ (حوالہ ایضاً) اور میرے خیال کے مطابق سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کی اس پابندی کے بعد وجہ اختلاف از خود ختم ہوجاتی ہے۔ کیونکہ قرآن میں جس بات کی صراحت ہے وہ یہ ہے کہ کوئی شخص اللہ تعالیٰ کو اس دنیا میں ان ظاہری آنکھوں سے نہیں دیکھ سکتا۔ اور عالم آخرت میں اہل جنت کا اللہ تعالیٰ کو دیکھنا صراحت کے ساتھ احادیث صحیحہ میں مذکور ہے۔