سورة الشعراء - آیت 181
أَوْفُوا الْكَيْلَ وَلَا تَكُونُوا مِنَ الْمُخْسِرِينَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
ماپ پورا دو اور کم دینے والوں میں سے نہ بنو۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[١٠٦]سیدنا شعیب علیہ السلام کی قوم لین دین میں ہیرا پھیری کی مرتکب تھی حضرت شعیب علیہ السلام کی قوم دو تجارتی شاہراہوں کے تقاطع یا چوک پر آباد تھی۔ لہٰذا یہ پورے کا پورا علاقہ بڑا بھاری تجارتی مرکز بن گیا تھا۔ شرک اور دوسری اخلاقی برائیوں کے علاوہ ان میں جو سب سے بڑا مرض تھا وہ تجارتی ہیرا پھیری کرنا تھا۔ ناپ تول میں ایسے استاد تھے کہ بھلے بھلوں کے کان کتر دیتے تھے۔ تولتے اس طرح تھے کہ گاہک خواہ سو دفعہ ترازو دیکھتا رہے۔ یہ اس کے دیکھتے دیکھتے ہی تیسرا یا چوتھا حصہ اس کا حق مار جاتے اور جب تول کر یا ناپ کردینا پڑتا تو ایسی ہی ہاتھ کی صفائی دکھاتے تھے۔