سورة الشعراء - آیت 81
وَالَّذِي يُمِيتُنِي ثُمَّ يُحْيِينِ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور وہ جو مجھے موت دے گا، پھر مجھے زندہ کرے گا۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٥٧]زندگی اورموت صرف اللہ کے ہاتھوں میں ہے:۔ موت ایک ایسی اٹل حقیقت ہے جس سے نہ کسی کو مفر ہے اور نہ اس میں کسی کا کچھ اختیار ہے۔ انسان نہ اپنی مرضی سے پیدا ہوا تھا اور نہ اپنی مرضی سے موت کو ٹال سکتا ہے۔ اسی طرح وہ اپنی دوبارہ زندگی کو روکنے میں بھی مجبور محض ہے۔ اللہ کی شان یہ ہے کہ وہ ہر آن زندہ سے مردہ کو اور مردہ سے زندہ کرنے کے کرشمے دکھاتا رہتا ہے۔ لہٰذا دوبارہ پیدائش سے انکار کی معقول وجہ نہیں ہوسکتی۔ اور یہ ایسے کام ہیں۔ جن میں اللہ کے سوا کسی دوسری ہستی کا کوئی عمل دخل نہیں۔ پھر اللہ کی عبادت میں آخر دوسروں کو کیوں شریک بنایا جاسکتا ہے۔ یا دوسروں کو عبادت کے لائق کیسے قرار دیا جاسکتا ہے۔