سورة طه - آیت 51
قَالَ فَمَا بَالُ الْقُرُونِ الْأُولَىٰ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اس نے کہا تو پہلے زمانوں کے لوگوں کا کیا حال ہے؟
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٣٣] فرعون کا دوسرا سوال کہ پہلی امتیں کس حال میں ہیں :۔ اس پہلو سے لاجواب ہو کر فرعون نے دوسرا سوال جو کیا وہ اس کی انتہائی شرارت پر مبنی تھا۔ جس سے وہ اپنی تمام رعیت کو ان رسولوں کے خلاف بھڑکانا اور ان میں مذہبی تعصب پیدا کرنا چاہتا تھا۔ اس کا سوال یہ تھا کہ اگر صورت حال یہی ہے کہ جو توحید و رسالت کی دعوت تم لے کر آئے ہو اس کو ماننے والوں کے لئے امن و سلامتی ہے اور جو اس دعوت پر ایمان نہیں رکھتے تو ان کو دردناک سزا ملے گی تو بتلاؤ جو ہمارے باپ دادا فوت ہوچکے ہیں وہ کس حال میں ہیں؟