سورة الانعام - آیت 37

وَقَالُوا لَوْلَا نُزِّلَ عَلَيْهِ آيَةٌ مِّن رَّبِّهِ ۚ قُلْ إِنَّ اللَّهَ قَادِرٌ عَلَىٰ أَن يُنَزِّلَ آيَةً وَلَٰكِنَّ أَكْثَرَهُمْ لَا يَعْلَمُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور انھوں نے کہا اس پر اس کے رب کی طرف سے کوئی نشانی کیوں نہیں اتاری گئی؟ کہہ دے بے شک اللہ اس پر قادر ہے کہ کوئی نشانی اتارے اور لیکن ان کے اکثر نہیں جانتے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

کفار چاہتے ہیں کہ ہم پر کوئی معجزہ کیوں نہیں اتارا گیا یعنی ایسا معجزہ جوان کو ایمان لانے پر مجبور کردے جیسے ان کی آنکھوں کے سامنے فرشتے اتریں یا پہاڑ ان پر اٹھا کر بلند کردیا جائے، جس طرح نبی اسرائیل پر کیاگیا۔ اللہ تعالیٰ تو یقیناً ایسا کرسکتا ہے، لیکن اس نے ایسا اس لیے نہیں کیا کہ یہ انسانوں کی ابتلا کے منافی ہے۔ اور ایسے جبری اور اضطراری ایمان کا کچھ فائدہ بھی نہیں۔ دوسرا اگر ان کو معجزہ دکھانے کے بعد بھی یہ ایمان نہ لاتے تو پھر انھیں فوراً اسی دنیا میں سخت سزا دی جاتی۔ یوں گویا اللہ کی حکمت میں انہی کا دنیاوی فائدہ ہے۔ اکثر بے خبر ہیں: جو اللہ کی حکمت بالغہ، حکم و مشیت کی سمجھ نہیں رکھتے وہ نادان ہیں۔