يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا شَهَادَةُ بَيْنِكُمْ إِذَا حَضَرَ أَحَدَكُمُ الْمَوْتُ حِينَ الْوَصِيَّةِ اثْنَانِ ذَوَا عَدْلٍ مِّنكُمْ أَوْ آخَرَانِ مِنْ غَيْرِكُمْ إِنْ أَنتُمْ ضَرَبْتُمْ فِي الْأَرْضِ فَأَصَابَتْكُم مُّصِيبَةُ الْمَوْتِ ۚ تَحْبِسُونَهُمَا مِن بَعْدِ الصَّلَاةِ فَيُقْسِمَانِ بِاللَّهِ إِنِ ارْتَبْتُمْ لَا نَشْتَرِي بِهِ ثَمَنًا وَلَوْ كَانَ ذَا قُرْبَىٰ ۙ وَلَا نَكْتُمُ شَهَادَةَ اللَّهِ إِنَّا إِذًا لَّمِنَ الْآثِمِينَ
اے لوگو جو ایمان لائے ہو! تمھاری آپس کی شہادت، جب تم میں سے کسی کو موت آپہنچے، وصیت کے وقت، دو عدل والے آدمی ہوں گے، جو تم میں سے ہوں، یا دو اور تمھارے غیر سے ہوں، اگر تم زمین میں سفر کر رہے ہو، پھر تمھیں موت کی مصیبت آپہنچے، تم ان دونوں کو نماز کے بعد روک لو گے، اگر تم شک کرو، پس وہ دونوں اللہ کی قسم کھائیں گے کہ ہم اس کے ساتھ کوئی قیمت نہیں لیں گے، اگرچہ وہ قرابت والا ہو اور نہ ہم اللہ کی شہادت چھپائیں گے، بے شک ہم اس وقت یقیناً گنہگاروں سے ہوں گے۔
صاحب عدل گواہ ضروری ہیں: دور نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں ایک واقعہ پیش آیا ۔ بنو سہم کےایک مسلمان ’’بدیل‘‘ اپنے دو ساتھیوں تمیم اور عدی کے ساتھ جو نصرانی تھے شام کی طرف ایک تجارتی سفر پر روانہ ہوئے بدیل شام جاکر بیمار پڑگیا اسے افاقہ ہوتا نظر نہ آرہا تھا اُس نے اپنا اثاثہ باندھ کر اپنے دونوں ساتھیوں کے حوالے کردیا اور تاکید کی یہ سامان میرے وارثوں کے حوالے کردیں۔ اس نے عقلمندی کی اور اپنے سامان کی فہرست تیار کرکے سامان میں کہیں چھپادی اور ساتھیوں کو اس کی خبر نہ دی۔ اس سامان میں ایک چاندی کا پیالہ تھا جس پرسونے کا پانی چڑھ ہوا تھا اور نقش و نگار بنے ہوئے تھے۔ ان نصرانیوں نے ساتھی کے مرنے کے بعد جب سامان دیکھا تو نیت میں فتور آگیا اور وہ قیمتی پیالہ سامان سے چرا لیا۔ اور بازار میں سنار کے پاس فروخت کردیا۔ جب سامان وارثوں کے پاس پہنچا اور انھوں نے قیمتی پیالہ اس میں نہ پا کر سامان لانے والوں سے پوچھا کہ ’’مرنے والے نے اپنی کوئی چیز فروخت تو نہیں کی تھی۔‘‘ ورثہ نے تسلی کرلینے کے بعد یہ مقدمہ عدالت نبوی میں پیش کیا۔ آپ نے تمیم اور عدی دونوں کو بلاکر بیان لیا تو وہ کہنے لگے ہمیں اس پیالے کاکچھ علم نہیں۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان نصرانیوں کو بری قرار دے دیا۔ کچھ عرصہ بعد بدیل کے وارثوں نے وہی پیالہ ایک سنار کے پاس دیکھا تو اُس سے پوچھا کہ یہ پیالہ تم نے کہاں سے لیا۔ اس نے تمیم اور عدی کا نام لیا۔ چنانچہ مدعی دوبارہ یہ مقدمہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عدالت میں لے گئے آپ نے پھر نصرانیوں کو بلایا اور ان کے سامنے وارثوں میں سے دو گواہوں نے قسم اٹھا کر گواہی دی کہ یہ پیالہ ہمارے ہی آدمی کا ہے نصرانی اپنی قسم میں جھوٹے ہیں اور ہم اللہ سے ڈرتے ہوئے بالکل صحیح اور سچی گواہی دے رہے ہیں۔ یہ گواہیاں میت کے قریبی رشتہ داروں کی تھیں جو مسلمان تھے۔ نیز یہ گواہیاں نماز عصر کے بعد مسجد میں ہوئی تھیں لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میت کے وارثوں کے حق میں فیصلہ دیا۔ اور نصرانیوں سے اس پیالہ کی قیمت (ایک ہزار درہم) میت کے وارثوں کو دلائی۔ اس وقت یہ آیات نازل ہوئیں پھر کچھ عرصہ بعد تمیم مسلمان ہوگیا تو اس نے اقرار کیا کہ واقعی اس نے جھوٹی قسم کھائی تھی۔ اس واقعہ اور ان آیات کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ ہر حال میں گواہی ٹھیک ٹھیک اور سچی ہی دینی چاہیے۔ جھوٹی یا گول مول شہادت گناہ کبیرہ ہے۔ (بخاری: ۲۷۸۰)