سورة المآئدہ - آیت 71

وَحَسِبُوا أَلَّا تَكُونَ فِتْنَةٌ فَعَمُوا وَصَمُّوا ثُمَّ تَابَ اللَّهُ عَلَيْهِمْ ثُمَّ عَمُوا وَصَمُّوا كَثِيرٌ مِّنْهُمْ ۚ وَاللَّهُ بَصِيرٌ بِمَا يَعْمَلُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور انھوں نے سمجھا کہ کوئی فتنہ واقع نہ ہوگا تو وہ اندھے ہوگئے اور بہرے ہوگئے، پھر اللہ ان پر مہربان ہوگیا، پھر ان میں بہت سے اندھے ہوگئے اور بہرے ہوگئے اور اللہ خوب دیکھنے والا ہے جو وہ کرتے ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

انھوں نے گمان کیا کہ اب کوئی خرابی نہیں آئے گی، ا س ذہنی سوچ کی وجہ سے نہ وہ حق بات سنتے اور نہ دیکھتے تھے۔ انھوں نے سمجھ رکھا تھا کہ ہم انبیاء کی اولاد ہیں ہم جو بھی کرلیں ہم پر عذاب الٰہی نہیں آئے گا، اس عقیدہ نے انھیں ہر طرح کے جرائم پر دلیر بنادیا تھا۔ پھر ان پر بخت نصر کی صورت میں قہر الٰہی نازل ہو ا جس نے انکی سلطنت کوتہس نہس کردیا۔ بیشمار افراد کو قیدی بناکر اپنے ساتھ لے گئے وہ قید و بند کی سختیاں جھیلتے رہے۔ آخر اللہ کی طرف رجوع کیا اور اللہ نے ان کی خطائیں معاف کردیں۔ جب اللہ نے مہربانی فرمائی تو عیش و آرام میں پڑکر پہلے سے زیادہ کفر و سرکشی میں بڑھ گئے ۔ حضرت زکریا حضرت یحییٰ کو قتل کردیا، حضرت عیسیٰ کو سولی پر چڑھانے کی مقدور بھر کوشش کی اللہ سب دیکھ رہا ہے یہ جو کرتے ہیں۔