سورة المآئدہ - آیت 23

قَالَ رَجُلَانِ مِنَ الَّذِينَ يَخَافُونَ أَنْعَمَ اللَّهُ عَلَيْهِمَا ادْخُلُوا عَلَيْهِمُ الْبَابَ فَإِذَا دَخَلْتُمُوهُ فَإِنَّكُمْ غَالِبُونَ ۚ وَعَلَى اللَّهِ فَتَوَكَّلُوا إِن كُنتُم مُّؤْمِنِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

دو آدمیوں نے کہا، جو ان لوگوں میں سے تھے جو ڈرتے تھے، ان دونوں پر اللہ نے انعام کیا تھا، تم ان پر دروازے میں داخل ہوجاؤ، پھر جب تم اس میں داخل ہوگئے تو یقیناً تم غالب ہو اور اللہ ہی پر پس بھروسا کرو، اگر تم مومن ہو۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قوم موسیٰ علیہ السلام میں سے صرف دو شخص صحیح معنوں میں ایماندار نکلے یہ دونوں بھی وفد میں شامل تھے اور انھوں نے حضرت موسیٰ کی ہدایت کے مطابق وہاں کے حالات کی عام لوگوں کے سامنے تشہیر نہیں کی تھی، جب انھوں نے دیکھا کہ انکے ساتھی انتہائی بزدلی کا مظاہرہ کررہے ہیں تو اپنی قوم سے کہنے لگے، اللہ نے ہم سے فتح و نصرت کا وعدہ کررکھا ہے، لہٰذا اللہ پر بھروسہ رکھو ہمت اور جرأت سے دروازے میں داخل ہوجاؤ یقینا تم ہی غالب رہو گے۔