سورة النسآء - آیت 167

إِنَّ الَّذِينَ كَفَرُوا وَصَدُّوا عَن سَبِيلِ اللَّهِ قَدْ ضَلُّوا ضَلَالًا بَعِيدًا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

بے شک جن لوگوں نے کفر کیا اور اللہ کے راستے سے روکا یقیناً وہ گمراہ ہوگئے، بہت دور گمراہ ہونا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی جس نے اللہ کی آیات کا انکار کیا اس نے اللہ کے علم کا بھی انکار کردیا۔ اس نے اپنے نفس پر ظلم کیا۔ وحی کو قبول نہ کیا۔ قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل نہیں کیا۔ یہ لوگ ایمان لانے والوں کے دلوں میں شکوک و شبہات پیدا کرکے ان کو راہ راست سے روکتے تھے۔ اہل مکہ کہتے تھے ان کو جب قرآن پڑھایا جائے اس پر توجہ نہ دینا ۔ آج انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھی یہی کام لیا جارہا ہے اور ہر گھر میں اس طرح کی رکاوٹیں موجود ہیں، براہ راست روکنے کی بجائے لوگوں کے ذہن تبدیل کردیے جائیں۔ ایسے حالات پیدا کردیے جائیں کہ انھیں ہوش ہی نہ رہے کہ وہ اللہ کے کلام کو سنیں اور سمجھیں بظاہر مسلمان ہیں مگر لگے کسی اور کے پیچھے ہوئے ہیں اور دل پر ایسی مہر لگ گئی ہے کہ حق بات سننے کے لیے تیار ہی نہیں ہوتے۔ دُور کی گمراہی میں پڑگئے ہیں: اللہ کے راستے سے روکنے کے بعد ان کے لیے واپسی ممکن نہیں کیونکہ اللہ نے ان کے لیے سب دروازے بند کردیے ہیں رحمت اور مغفرت کے راستے بند کردیے ہیں۔