سورة الهمزة - آیت 3

يَحْسَبُ أَنَّ مَالَهُ أَخْلَدَهُ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

وہ گمان کرتا ہے کہ بے شک اس کا مال اسے ہمیشہ زندہ رکھے گا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

وہ مال جمع كرنے میں اس قدر منہمك ہے جیسے اسے كبھی موت نہیں آئے گی اور وہ اس غلط فہمی میں ہے كہ یہ مال و دولت ہمیشہ اس كے پاس ہی رہے گا۔ حضرت كعب فرماتے ہیں، دن بھر تو مال كمانے كی ہائے وائے میں لگا رہا اور رات كو سڑی بسی لاش كی طرح پڑا رہا اس كا خیال ہے كہ اس كا مال اسے ہمیشہ دنیا میں ركھے گا حالانكہ واقعہ یوں ہے كہ یہ بخیل اور لالچی انسان جہنم كے اس طبقے میں گرے گا جو ہر اس چیز كو جو اس میں گرے اسے چور چور كر دیتا ہے۔ محمد بن كعب فرماتے ہیں: آگ جلاتی ہوئی حلق تك پہنچ جاتی ہے، پھر لوٹتی پھر پہنچتی ہے۔ (تفسیر طبری: ۲۰/ ۱۸۵)