الَّذِي أَنقَضَ ظَهْرَكَ
وہ جس نے تیری پیٹھ توڑ دی۔
۳۔ تیرا ذكر بلند كر دیا: حضرت مجاہد فرماتے ہیں: یعنی جہاں میرا ذكر كیا جائے گا وہاں تیرا ذكر كیا جائے گا۔ قتادہ فرماتے ہیں كہ دنیا و آخرت میں اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم كا ذكر بلند كر دیا، كوئی خطیب، كوئی واعظ، كوئی كلمہ گو، كوئی نمازی ایسا نہیں جو اللہ كی وحدانیت كا اور آپ كی رسالت كا كلمہ نہ پڑھتا ہو۔ (تفسیر طبری: ۲۴/ ۴۹۴) یعنی جہاں اللہ كا نام آتا ہے، مثلاً: اذان میں، نماز میں، كتابوں میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم كی صفات كا تذكرہ فرشتوں میں آپ كا ذكر خیر، آپ كی اطاعت كو اللہ نے اپنی اطاعت قرار دیا، اور اپنی اطاعت كے ساتھ ساتھ آپ كی اطاعت كا بھی حكم دیا، وغیرہ وغیرہ، اور یہ سلسلہ تا قیامت بڑھتا ہی چلا جائے گا۔ قرآن كی یہ پیشین گوئی خود قرآن كی صداقت كا منہ بولتا ثبوت ہے اس وقت كون یہ اندازہ كر سكتا تھا كہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم كا ذكر خیر اس شان كے ساتھ اور اتنے وسیع پیمانے پر ہوگا۔