سورة الطارق - آیت 9
يَوْمَ تُبْلَى السَّرَائِرُ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
جس دن چھپی ہوئی باتوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
اسرار كی جانچ: پوشیدہ اسرار سے مراد ہر انسان كے وہ اعمال بھی ہیں جن كا تعلق نیت اور ارادہ سے تھا اور وہ پورے نہ ہو سكے، اور بس ایك راز ہی بن كر رہ گئے۔ نیز وہ اعمال بھی جو دنیا كے سامنے تو آئے مگر جس غرض كے تحت وہ انجام دیے گئے تھے اور جو اغراض و خواہشات ان كی محرك بنی تھیں ان كا كسی كو علم نہ ہو سكا، اور وہ اعمال بھی جن كو كرنے والا تو كر كے مر گیا۔ مگر ان كے اثرات مدتوں نوعِ انسان پر پڑتے رہے ایسے سب اسرار اس دن كھل كر سامنے آ جائیں گے۔ ارشاد نبوی ہے کہ: ’’ہر بد عہدی كرنے والے كے سرین كے پاس جھنڈا گاڑ دیا جائے گا اور اعلان كر دیا جائے گا كہ یہ فلاں بن فلاں كی غداری ہے۔ (بخاری: ۳۱۸۸، مسلم: ۱۷۳۵)