إِلَّا الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَهُمْ أَجْرٌ غَيْرُ مَمْنُونٍ
مگر وہ لوگ جو ایمان لائے اور انھوں نے نیک عمل کیے، ان کے لیے نہ ختم ہونے والا اجر ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے كہ بہترین اجر كے مستحق ایماندار نیك كردار لوگ ہیں۔ انہیں پورا پورا اور بے حساب اجر ملے گا۔ سورہ ہود ۱۰۸ میں فرمایا: (عَطَاءً غَیْرَ مَجْذُوْدٍ) یعنی یہ بے انتہا بخشش ہے۔ یعنی ہر آن ہر لحظہ اور ہر وقت اہل جنت پر اللہ كے احسان ہوں گے اور یہ احسان ان كے صرف نیك اعمال كی وجہ سے نہیں بلكہ اللہ كے فضل و كرم سے نصیب ہوں گے۔ اس كی ذات پاك ہر وقت اور ہمیشہ ہمیشہ تعریفوں كے لائق ہے۔ اس لیے اہل جنت پر خدا كی تسبیح اور اس كی حمد كا الہام اسی طرح كیا جائے گا جس طرح سانس بلا تكلیف بلا تكلف اور بلا ارادہ چلتا رہتا ہے۔ سورہ یونس ۱۰ میں ارشاد ہے: ﴿وَ اٰخِرُ دَعْوٰىهُمْ اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ﴾ ’’ان كا آخری قول یہی ہوگا كہ سب تعریف جہانوں كے پالنے والے خدا كے لیے ہے۔‘‘ (الحمدلِلّٰہ)