سورة النبأ - آیت 8

وَخَلَقْنَاكُمْ أَزْوَاجًا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور ہم نے تمھیں جوڑا جوڑا پیدا کیا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

مرد و زن کی تخلیق: اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ایک نظر ڈال کر اپنے آپ کو دیکھو کہ ہم نے تمہیں جوڑے جوڑے پیدا کیا۔ مرد و زن ایک دوسرے کے لیے فطری کشش رکھتے ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کے لیے راحت و سکون کا باعث بنتے ہیں۔ ان میں محبت و مودت پیدا کی۔ یہ دونوں ایک دوسرے کی ابدی ضرورت ہیں ایک دوسرے کے بغیر ان کا زندگی گزارنا مشکل ہے۔ مرد و عورت ایک دوسرے سے نفع اُٹھاتے ہیں اور توالد و تناسل ہوتا ہے۔ بال بچے پیدا ہو رہے ہیں۔ ان دونوں میں کشش، سکون اور محبت پیدا کر کے انسان کی زندگی کو بڑا پر لطف بنا دیا ہے۔