سورة المزمل - آیت 15

إِنَّا أَرْسَلْنَا إِلَيْكُمْ رَسُولًا شَاهِدًا عَلَيْكُمْ كَمَا أَرْسَلْنَا إِلَىٰ فِرْعَوْنَ رَسُولًا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

بلاشبہ ہم نے تمھاری طرف ایک پیغام پہنچانے والا بھیجا جو تم پر گواہی دینے والا ہے، جس طرح ہم نے فرعون کی طرف ایک پیغام پہنچانے والا بھیجا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اہل فرعون كی طرح نہ بنو: اے كافرو! ہم نے تم پر گواہی دینے والا اپنا صادق رسول بھیج دیا ہے اور اس كی مخالفت پر تم كمر بستہ ہوگئے ہو۔ تو یہی رسول تمہاری ایك ایك حركت كی قیامت كے دن تم پر گواہی دینے والا ہے۔ لہٰذا جو قدم اٹھانا ہے سنبھل كر اٹھاؤ۔ اس سے پہلے ہم نے حضرت موسیٰ علیہ السلام كو رسول بنا كر فرعون كے پاس بھیجا تھا۔ فرعون تم سے بہت زیادہ طاقت ور، جابر اور ایك وسیع خطۂ زمین پر حكمران تھا۔ لیكن اس نے بھی اللہ اور اس كے رسول كی بات نہ مانی اور اكڑ گیا تو ہم نے اسے دریا میں ڈبو كر اس كا اور اس كی آل كا صفحۂ ہستی سے نام ونشان تك مٹا دیا تھا اور تم تو اس كے مقابلہ میں كچھ بھی حیثیت نہیں ركھتے۔ لہٰذا تمہاری بھلائی اسی میں ہے كہ رسول كی مخالفت سے باز آجاؤ۔