سورة الجمعة - آیت 1
يُسَبِّحُ لِلَّهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ الْمَلِكِ الْقُدُّوسِ الْعَزِيزِ الْحَكِيمِ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اللہ کا پاک ہونا بیان کرتی ہے ہر وہ چیز جو آسمانوں میں ہے اور جو زمین میں ہے، (جو) بادشاہ ہے، بہت پاک ہے، سب پر غالب ہے، کمال حکمت والا ہے۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے كہ كوئی چیز ایسی نہیں جو اس كی تسبیح اس كی حمد كے ساتھ نہ كرتی ہو۔ تمام مخلوق خواہ آسمان كی ہو۔ خواہ زمین كی، اس كی تعریفوں اور پاكیزگیوں كے بیان میں مصروف ومشغول ہے۔ وہ آسمانوں وزمین كا بادشاہ ہے۔ اور ان دونوں میں اپنا تصرف اور اٹل حكم جاری كرنے والا ہے۔ وہ تمام نقصانات سے پاك اور بے عیب ہے۔ تمام صفات كمالیہ كے ساتھ موصوف ہے وہ عزیز اور حكیم ہے۔